اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر سیاستدان نعیم الحق کا سیاسی سفر اصغر خان کی تحریک استقلال سے شروع ہوا اور اس پارٹی کے ہی ٹکٹ سے 1988 سے کورنگی کراچی سے انتخابات میں حصہ بھی لیا۔ نعیم الحق اور تحریک استقلال دونوں بعد میں تحریک انصاف میں ضم ہو گئے۔ان کی تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد کی زندگی یکسر بدل گئی۔ وہ تحریک انصاف سندھ کے صدر بھی رہے۔ان کی اہلیہ کا انتقال 2008میں کینسر کی وجہ سے ہی ہوا۔
نعیم الحق کی اہلیہ کا نام نازلی جمیلی تھا اور وہ انہیں پیار سے نازو کہہ کر پکارتے تھے، نعیم الحق عمران خان کے ترجمان اور چیف آف سٹاف بھی رہے۔ جب عمران خان وزیر اعظم بن گئے تو نعیم الحق ان کے سیاسی امور پر معاون خصوصی بن گئے۔ آخری وقت تک یہ عہدہ ان کے پاس رہا۔عمران خان ہر معاملے میں ان پر اعتماد کرتے تھے اور سیاسی پیغام رسانی بھی نعیم الحق کے ذریعے ہی ہوتی تھی۔نعیم الحق کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور بیٹی ہیں۔