کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ میڈیا چاہتا ہے کہ میں گورنر سندھ سے بات کرنا چھوڑ دوں،جو کہانیاں بنانی ہیں بنائیں،گورنر کو کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کرتا رہوں گا۔پیرکی صبح بلدیہ ٹائون میں انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیراعظم نے آئی جی سندھ کو تبدیل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی،
آئی جی سندھ کے معاملے پر ہمارا موقف بالکل واضح ہے اور میں کابینہ کے فیصلے کا پابند ہوں۔میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلی نے ذومعنی جملے استعمال کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں ،میڈیا چاہتا ہے کہ میں گورنر سندھ سے بات کرنا چھوڑ دوں،جو کہانیاں بنانی ہیں بنائیں، گورنر کو کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کرتا رہوں گا۔پولیو مہم کے حوالے سے وزیراعلی سندھ نے کہاکہ پولیو کے بڑھتے کیسز ہمارے لیے بڑا چیلنج بن گئے ہیں،اس 7 روزہ مہم میںصوبے بھر میں 23لاکھ بچوں کو پولیو کے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے،کیونکہ اس سال پولیو کے 5 کیسز سندھ میں رپورٹ ہوچکے ہیں جو بہت دکھ کی بات ہے۔دوسری جانب شہرقائد میں5روزہ انسدادپولیو مہم کا آغاز کردیا گیاہے جو رواں ماہ کی 16 تاریخ تک جاری رہے گی،جس کا مقصد کراچی میں رہنے والے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین پلانا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر فار پولیو نے اس سلسلے میں بتایا کہ پولیو مہم کراچی کے تمام 6 اضلاع میں جاری رہے گی جس کا ہدف 5 سال سے کم عمر بچے ہیں۔کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے انعقاد کے پیش نظر شہر میں مہم کی تاریخوں کو تبدیل کر کے 10 فروری سے 16 فروری تک کردیا گیا ہے۔