لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ پر پنجاب سالانہ 6 ارب 28 کروڑ روپے قرض پر سود ادا کرے گا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق 12 سال تک 75 ارب 36 کروڑ روپے سے زائد کی بھاری رقم سود کی مد میں ادا کی جائے گی۔ اورنج لائن کا منصوبہ 2036 تک پنجاب کی معیشت پر مسلسل بوجھ رہے گا۔ 953 ارب روپے سے زائد کا مقروض صوبہ پنجاب سالانہ چھ ارب 28 کروڑ روپے قرض پر سود ادا کرے گا۔ بارہ سال تک پنجاب حکومت سالانہ 40 اعشاریہ 62 ملین
امریکی ڈالر پہلی ملکی لائٹ ریل کے قرض پر سود ادا کرے گی۔ سابق پنجاب حکومت کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لئے ایک اعشاریہ 62 ارب ڈالر کا معاہدہ ایگزم بینک کے ساتھ کیا گیا۔ سابق حکومت نے اپوزیشن کے مطالبے کے باوجود اورنج لائن ٹرین کا معاہدہ پبلک نہیں کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت 2024 سے 2036تک اس منصوبے کا قرض ادا کرے گی، اس طرح 9 کھرب 53 ارب سے زائد رقم کا مقروض صوبہ سالانہ 6 ارب 28 کروڑ روپے سود کی مد میں ادا کرے گا۔