اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق دفاعی شعبے پر جوائنٹ کمیٹی کا اجلاس راولپنڈی میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،دونوں ممالک میں تجارت کے فروغ کیلئے پاک ملائیشیا گیٹ وے کے طورپرکام کریں گے۔اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک ہیوی انڈسٹریز میں ایک دوسرے سے تعاون کو فروغ دینگے،
پاک ملائیشیا حلال فوڈ کے کاروبار میں ادارہ جاتی خدمات فراہم کریں گے۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ پاکستان اور ملائیشیا سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کیلیے بھی تعاون کریں گے،تعلیمی شعبے میں جاری تعاون کو وسعت دی جائے گی۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ قابل تجدید توانائی،قدرتی وسائل،ایرواسپیس اورایروناٹیکل کے شعبے میں تعاون کے فروغ پراتفاق یا گیا ۔ اعلامیہ میں کہاگیاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی،آرٹیفیشل انٹیلی جنس اورای کامرس کے شعبے میں بھی تعاون بڑھایا جائیگا۔اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک پارلیمانی ڈپلومیسی جاری رکھیں گے، ملائیشین پارلیمنٹ کے اسپیکر وفد کے ہمراہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ لاہور سے کوالالمپور کیلئے پی آئی اے کی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔