اسلام آباد (آن لائن)سپریم کورٹ نے وفاقی ملازمین کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے تمام وفاقی ملازمین کو 20 فیصد سیکرٹریٹ الائونس دینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔وفاقی ملازمین کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔
دوران سماعت وفاقی ملازمین کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل دئیے کہ سیکرٹریٹ الاونس صرف وزارتوں میں کام کرنے والے ملازمین کو ملتا ہے ، وزارتوں کے ماتحت اداروں کے ملازمین کو سیکرٹریٹ الاونس نہیں دیا جاتا تھا،حکومت اپنے ہی ملازمین کے درمیان امتیاز کیسے کر سکتی ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے ملازمین کو الائونس دینے کا حکم دیا تھا،ڈویژن بنچ نے وفاق کی انٹراکورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے الائونس دینے سے روک دیا تھا۔وفاقی ملازمین نے ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے اس موقع پر قرار دیا کہ وفاقی حکومت ملازمین کیساتھ امتیازی سلوک نہیں کر سکتی،تمام وفاقی ملازمین کو 20 فیصد سیکرٹریٹ الاونس ملے گا،عدالت نے اسلام آ باد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام وفاقی ملازمین کو 20 فیصد سیکرٹریٹ الائونس دینے کا حکم جاری کر دیا ہے