کراچی(این این آئی)چین میں کورونا وائرس کے بعد چھٹی پر گئے تھرکول ایریا بلاک ٹو کے 700چینی شہریوں کی واپسی روک دی گئی ہے ،متعلقہ کمپنی نے ان چینی شہریوں کی واپسی کو دونوں ممالک کے کلیئرنس سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا ہے۔ترجمان اینگروکول مائنز کمپنی محسن ببر کے مطابق تھر کول ایریا بلاک ٹو میں کام کرنے والے 700سے زائد چینی شہریوں کی واپسی روک دی گئی ہے، تھرکول ایریا میں کام کرنے والے
چینی شہری نئے سال کے موقع پر اپنے ملک چین گئے تھے چینی شہریوں کو واپسی ڈیوٹی پر آنا تھا۔ ترجمان کے مطابق واپس آنے والے چینی شہریوں کے لئے کورونا وائرس سے دونوں ممالک کے حکومتی کلیئرنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیاگیا ہے، ترجمان کے مطابق تھر کول بلاک ٹو پر تقریبا 750چائینز کام کرتے ہیں جن میں700چھٹی پر اپنے ملک گئے ہیں جہاں کورونا وائرس کے سبب ان ملازمین کے لئے یہ پالیسی ترتیب دی گئی ہے ۔