اسلام آباد(آن لائن ) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور آج یہ بات سچ ثابت ھوئی ہے۔ میں کچھ باتیں ہندوستان کی نہیں مانتا اور پاکستان کی کئی باتوں کی مخالفت کرتا ہوں۔
جس طرح پاکستان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا تو اسی طرح ہندوستان نے کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا. سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ جب کشمیر آزاد ہوگا تو گلگت بلتستان ریاست کا حصہ ہوگا۔ مسلم کانفرنس کے راہنما کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کل فوج کے برابر ہندوستان نے کشمیر پر فوج مسلط کر رکھی ہے۔ کشمیر میں آج بھی پاکستانی پرچم بلند ہوتے ہیں اور آج بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بلند ہوتے ہیں۔ انہوں کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں بہترین خطاب کیا مگر اس کے فالو اپ کے طور پر کچھ نہیں کیا گیا. سردار عتیق کا کہنا ہے کہ امریکہ نہیں چاہتا کہ کشمیر آزاد ہو۔ اس نے کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ کشمیر کی آزادی اور مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے امت کو اکھٹا ہونا چاہیے تاکہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے۔ اس موقع سردار عتیق نے وکلا سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اپنے فورمز پر کشمیر کہ مسئلے کو اجاگر کریں۔