اسلام آباد( آن لائن )پاکستان اور ترکی کے درمیان جلد ہی دوہری شہریت کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ترکی کے ساتھ ایک ایسے معاہدے پر غور کر رہا ہے جس کے تحت دونوں ملکوں کے شہریوں کو دہری شہریت دی جا سکے گی۔پاکستان کی وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ اور ترک سفیر احسان مصطفی یردکول کے درمیان ملاقات ہوئی ہے
۔ترک سفیر نے اپنی حکومت کی طرف سے دونوں ممالک کو اپنے شہریوں کو دہری شہریت کی اجازت دینے کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تجویز پیش کی۔اس معاہدے کے تحت شہری دونوں ملکوں کی قومیت رکھ سکیں گے اور مشترکہ سطح کے اقدامات سے مستفید ہو سکیں گے۔جس کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس حوالے سے مسودہ زیر غور ہے۔اس حوالے سے وزارت خارجہ کے ساتھ بات چیت بھی چل رہی ہے اور جلد ہی ہم حتمی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔ترکی کے سفیر نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ جلد از جلد اس معاہدے کو عملی جامہ پہنا سکیں۔اعجاز شاہ نے ترکی کے ساتھ باہمی تربیتی پرگراموں کے قیام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے زیر استعمال آلات کو اپ گریڈ کرنے کا بھی خیر مقدم کیا۔وزیر داخلہ نے لاہور میں متعارف ہونے والی ڈولفن فورس کے ماڈل کی بنیاد آئی سی ٹی پولیس کے اشتراک سے پٹرولنگ فورس متعارف کرانے کا بھی خیر مقدم کیا۔وزیر داخلہ اور ترک سفیر کے مابین ہونے والی ملاقات میں افرادی قوت کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے جاری تربیتی پروگراموں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ترک سفیر نے اعجاز شاہ کو ترک صدر طیب اردگان کے پاکستان کے دورے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ طیب اردگان فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔اس دوران دونوں ممالک کے درمیان طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔