اسلام آباد/ بیجنگ (این این آئی) کورونا وائرس کے باعث چین میں موجود پاکستانی باشندے شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور ایک بار پھر انہوں نے حکومت سے فوری طور پر انخلاء کی اپیل کی ہے۔چین میں رہائش پذیر 4 پاکستانی طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ سخت خوفزدہ ہیں جنہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں فوری طور پر یہاں سے نکالا جائے۔چینی شہر ارومچی میں 200 سے زائد پاکستانی محصور ہیں جن میں 100 سے
زائد طلبہ ہیں۔ان طلبہ نے بھی حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انہیں جلد از جلد وطن منتقل کیا جائے۔اس سلسلے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ حکومت پاکستان بچوں کے انخلا کے معاملے پر سستی نہیں دکھا رہی۔انہوں نے کہا کہ ووہان میں جن پاکستانی بچوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی انہیں بہترین طبی سہولیات مل رہی ہیں، اس سلسلے میں حکومت پاکستان چین میں پاکستانی سفیر سے مسلسل رابطے میں ہے۔