لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہاہے کہ چین میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے لئے واضح حقائق قوم کو بتائے جائیں ،چین سے پاکستانی طالب علموں کو نکالنے سے متعلق سچائی قوم کو بتائی جائے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ حیرت کی بات ہے کہ اب تک حکومت پاکستان کوئی واضح بیان اور حکمت عملی بیان نہیں
کرسکی ،ووہان میں پھنسے پاکستانیوں اوران کے اہلخانہ کی پریشانی کا فوری نوٹس لیاجائے، انہیں مطمئن کیاجائے اورقوم کو بتایا جائے کہ پاکستانیوں کی واپسی میں کیا رکاوٹیں حائل ہیں۔ا نہوں نے کہاکہ چین میں پاکستانی سفارت خانے کے شکایات نہ سننے کی اطلاعات پر انکوائری کرائی جائے ۔چین میں پاکستانی سفارت خانے کو فعال اور متحرک کیاجائے، زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھاجائے ۔