کراچی (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی جی ڈی اے کے رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے ۔ذرائع کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنماؤں نے کنگری ہاؤس میں ہونے والی اہم ملاقات میں وزیر اعظم سے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی تبدیلی موخر کرنے کا مطالبہ کیا۔جی ڈی اے رہنماں کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ کا مطالبہ نہ مانا جائے،
اس طرح افسران کو ڈرا دھمکا کر ہٹایا جاتا رہا تو کون کام کرے گا، اس سلسلے میں ہم نے چند تجاویز آپ کے نمایندے گورنر کے سامنے پیش کر دی تھیں۔تاہم وزیر اعظم عمران خان نے یہ کہہ کر انہیں حیران کر دیا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس بارے میں انھیں کچھ نہیں بتایا، اب تو میں آئی جی سندھ پولیس تبدیل کرنے کا کہہ چکا ہوں۔ وزیر اعظم نے ان معاملات پر گورنر سندھ پر بھی اظہار ناراضی کیا، اور جی ڈی اے رہنماں سے کہا کہ آئندہ اسد عمر سندھ اور جی ڈی اے کے ساتھ معاملات دیکھیں گے۔تاہم جی ڈی اے وفد نے کہا کہ اسد عمر کو اسلام آباد میں کون ڈھونڈے گا، اگر سندھ کی سیاست میں آپ کو دل چسپی نہیں ہے تو ہمیں صاف بتا دیا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس پر جواب دیا کہ وہ مرکز اور پنجاب میں مصروف تھے۔