لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے بعد حکومت پنجاب کے ناقدین ، اپوزیشن اور میڈیا کے کچھ عناصر کے اذہان میں اس بارے کوئی شکوک و شہبات نہیں رہنے چاہییں کہ پنجاب کے وزیراعلی سردار عثمان بزدار ہی رہیں گے ۔مقامی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے
لیڈر تو اپنی پلیٹیں ٹھیک کرانے چلے گئے لیکن اپنے چمچے کڑچھے اور ویلیج آفیسرز کو پیچھے چھوڑ گئے جن کی سیاسی بقا صرف شور مچانے میں ہے ۔ ٹرانسپیرنسی رپورٹ پر (ن) لیگ، پیپلزپارٹی نے اودھم مچایا، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا پرانے ڈیٹا پر رپورٹ مرتب کی، ن لیگ، پیپلز پارٹی سے کہوں گا اب ڈوبنے کیلئے چلو بھر پانی ڈھونڈیں۔صوبائی وزیر نے عظمی بخاری کی تنقید پر کہا عظمی بخاری 2013ء تک پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ن لیگ کیخلاف بولتی رہیں ، 2013سے2023ء تک وہ ن لیگ کے پلیٹ فارم سے تحریک انصاف کیخلاف بولیں گی ۔ ہو سکتا ہے کہ 2023کے بعد وہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیخلاف زبان درازی کرتیں نظر آئیں ۔