اسلام آباد (این این آئی)دہری شہریت چھپانے پر فیصل واوڈا کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔ میاں محمد فیصل نے ایڈووکیٹ جہانگیر خان جدون کے ذریعے درخواست دائر کی،درخواست میں کہاگیاکہ 2018الیکشن کے نامزدگی فارم جمع کراتے ہوئے فیصل واوڈا امریکی شہریت رکھتے تھے، الیکش کمیشن میں فیصل واوڈا نے دہری شہریت نہ ہونے کا
جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا۔درخواست میں کہاگیاکہ فیصل واوڈا نے دہری شہریت چھپا کر اور جھوٹ حلف دے کر بددیانتی کی۔درخواست میں کہاگیاکہ سپریم کورٹ واضح کر چکی کہ نامزدگی فارم جمع کراتے وقت دوہری شہریت چھوڑنے کاسرٹیفکیٹ دینا ضروری ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ فیصل واوڈا کو دوہری شہریت رکھنے اور جھوٹا حلف نامہ دینے پر نااہل کیا جائے،فیصل واوڈا کی ممبرشپ فوری معطل کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر ریکوری کی جائے۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا، سیکرٹری کابینہ ڈویڑن اور سیکرٹری قانون وانصاف درخواست میں فریق بنایا گیا ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ سیکرٹری قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان درخواست میں فریقوفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو بطور وزیر کام کرنے سے روکا جائے، فیصل واوڈا کو نا اہل قرار دے کر کراچی کے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ انتخابات کرائیں جائیں۔