لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی طرف سے پی ٹی آئی کے 20 ممبران اسمبلی کے فارورڈ بلاک بنانے کی خبریں دم توڑ گئیں ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسی افواہیں پھیلا کر اپوزیشن صرف اپنا دل پشوری کر رہی ہے، حقیقت یہ ہے کہ (ن) لیگ کے 50 سے زائد ارکان اسمبلی عرصہ دراز سے پی ٹی آئی سے مستقل رابطے میں ہیں۔ بزدار حکومت جب چاہے انہیں پی ٹی آئی میں شامل کر سکتی ہے لیکن ایسی ادھیڑ بن کی سیاست پی ٹی آئی کا وطیرہ نہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے
مزید کہا کہ تمام ارکان نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فارورڈ بلاک کی تمام افواہوں کا قلع قمع کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری گزارش ہے اپوزیشن اور دماغ کی بجائے جیب سے سوچنے والے کچھ تجزیہ نگار سردار عثمان بزدار کے آنے اور جانے کے الٹی میٹم دینے کی بجائے کسی اہم قومی مسئلے پر اپنا وقت صرف کریں۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار ہی تھے، ہیں اور رہیں گے۔