کراچی(این این آئی)صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و امداد باہمی سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو نے سلیکٹیڈ حکومت کے سلیکٹیڈ وزرا کے بیانات پراپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹیڈ حکومت کے وزرا ٹاک شوز اور پریس کانفرنسوں میں مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اس ضمن میں جھوٹ میڈیا میں اچھال کر عوام کو جھوٹی تسلیاں دینے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے
اعدادوشمار چیخ چیخ کر بول رہے ہیں جبکہ بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ، صنعتکاروں کو سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث معیشت بیٹھ چکی ہے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ملکی صنعتیں بند ہو رہی ہیں کارخانے چلیں گی تو روزگار آئے گا اور معیشت پروان چڑھے گی، لیکن اس کے برعکس ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا گیا ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ملکی خسارہ دن بہ دن بڑھ رہا ہے جبکہ نااہل حکومت مزید نااہلی دکھا کر ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی کئے جا رہی ہے البتہ غیرترقیاتی اخراجات بڑھا کر ملکی معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر غیر ملکی قرضہ جات کی فراہمی بند ہوئی تو معیشت کی سانسیں آخری ہچکیاں لے چکی ہوگی اس لیے ایکسپورٹ میں اضافہ کے لیے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے اگر ایکسپورٹ ہوگی تو ملک میں پیسہ آئے گا لیکن جب کارخانے بند ہونگے تو پیسہ کہاں سے آئے گا معیشت کو موجودہ خراب حالات سے نکالنے کے لیے صنتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنی ہونگی اس ضمن میں موجودہ ٹیکس سسٹم پر انڈسٹری ایکسپورٹ نہیں بڑھا سکتی ۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ جی ایس ٹی کو نیچے لائے کیونکہ ایکسپورٹ کے علاوہ ملک میں پیسہ آہی نہیں سکتا۔ صوبائی وزیر صنعت، تجارت و امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ نااہل حکومت ملک کو قرضوں کی دلدل میں مسلسل دھکیل رہے ہیں جو اگے چل کر ملک کی تباہی کا باعث ہوں گے۔