اسلام آباد (این این آئی) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو سے ٹیلیفونک پررابطہ ترکی کے مشرقی علاقے میں آنے والے شدید زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم پاکستان عمران خان اور پوری پاکستانی قوم کی طرف سے قیمتی جانوں کے نقصان پر ترک وزیر خارجہ کیساتھ اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہدکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں معاونت کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ترک بہن بھائیوں کو اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔شاہ محمود قریشی نے اپنے ترک ہم منصب کو پاکستان کی طرف سے فیلڈ ہسپتال اور ریسکیو ٹیمیں بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔ترک وزیر خارجہ نے اظہار تعزیت اور مدد کی پیشکش پر پاکستانی قیادت اور قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی ترکی میں آنے والا یہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس میں بیس لوگ جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے، اس وقت ترک حکومت زلزلہ زدگان کی امداد اور بحالی کے امور سرانجام دے رہی ہے،اگر ضرورت درپیش ہوئی تو ہم اپنے برادر ملک پاکستان کو ضرور مطلع کریں گے۔