اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ نے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی شہر ووہان میں 500 پاکستانی طالب علموں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین میں اس وقت 800 پاکستانی سکونت پذیر تاجر ہیں اور 1500 پاکستانی تاجر چین میں تجارت کے سلسلے میں موجود ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ چین کے علاقے ووہان میں اس وقت 500 پاکستانی طلبہ موجود ہیں، کئی پاکستانی طلبہ سیلف فائننس یا چینی وظائف پر چین جاتے ہیں اور یہ طلبہ ہمیشہ اپنے سفارت خانے میں اندراج نہیں کراتے۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی تاجر اور سیاح بھی اپنے سفارت خانے کے ساتھ اندراج نہیں کراتے اس لیے سفارت خانے کا اندازہ پاکستانیوں کی لگ بھگ تعداد کے بارے میں ہے۔واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے اب تک 40 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ وائرس سے ایک ہزار کے قریب افراد متاثر ہیں۔چینی حکومت نے وائرس کو روکنے کے لیے ملک کے 10 شہروں کو سیل کردیا ہے،وائرس کے امریکا اور ہانگ کانگ پہنچنے کی بھی تصدیق ہوگئی ہے۔پاکستان میں انتظامیہ نے وائرس کو روکنے کے لیے ائیرپورٹس پر اسکریننگ کا عمل شروع کررکھا ہے۔