اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے مستحق افراد کیلئے ایک اور منصوبہ بنا لیا ،وزیراعظم 31 جنوری کو احساس کفالت پروگرام کا آغاز کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق کفالت پروگرام سے بیوا خواتین سمیت نادار افراد کی مالی امداد دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق غربت کی لکیر سے نیچے زنگی گزارنے والوں کیلے امدادی پیکج کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ،وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے
پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ ذرائع کے مطابق کفالت پروگرام سے 5 لاکھ افراد مستفید ہوں گے،مستحق افراد تک احساس کفالت کارڈ کی ترسیل پاکستان پوسٹ کے ذریعے ہو گی۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہاکہ کارڈ کے اجرا سے امداد کی وصولی تک مکمل نظام شفافیت پر مبنی ہوگا،وزیراعظم کا احساس پروگرام عوامی فلاح کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس سے پہلے عمران خان نے ہزاروں بے گھروں کو ریاست کا مہمان بنایا،وزیراعظم نے لنگر خانے کا آغاز کیا تا کہ کوئی بھوکا نہ سوئے ،احساس کفالت کے تحت بھی لاکھوں لوگ فائدہ اٹھائینگے۔ ثانیہ نشتر نے کہاکہ پروگرام کے تحت انتہائی مستحق افراد کو 2 ہزار روپے ماہانہ رقم دی جائے گی،رقم کی فراہمی کے لئے بینک اکاونٹ کھول کر دئیے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بینکوں کے ساتھ معاہدوں کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے،افتتاح ہوتے ہی 5 لاکھ افراد کو انرولمنٹ کے خطوط بھیج دئیے جائیں گے۔