اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر کے لئے تین نام وزیراعظم کو بھجوادئیے۔ پیر کو اپوزیشن لیڈر نے ناصر محمود کھوسہ، اخلاق احمد تارڑ اور عرفان قادر کے نام وزیراعظم کو غور کے لئے بھجوادئیے۔ اپوزیشن لیڈر نے اپنے خط میں کہاکہ آپ کے بھجوائے گئے پینل پر غور جاری ہے، اس اثناء آپ میرے بھجوائے ناموں پر غور کریں۔ اپوزیشن لیڈر نے 15 جنوری 2020 کو
وزیراعظم کے لکھے گئے خط کا جواب بھجوایا ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ افسوس ہے کہ میں نے 25نومبر2019ء کو جس عمل کا آغاز کیاتھا اس میں غیرضروری اور بلاجواز تاخیر کی گئی۔ شہبازشریف نے کہاکہ یہ عمل شروع کرنا آرٹیکل 213 ٹواے کے تحت میری آئینی ذمہ داری تھی، غیرضروری تاخیر کی وجہ سے اب تک اتفاق رائے حاصل نہیں ہوپایا۔ انہوں نے کہاکہ غور جیسے ہی مکمل ہو، ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روح کے مطابق عمل کرنا چاہئے۔