اسلام آباد(این این آئی)جمعیت علماء اسلام (ف) نے ایک بار پھر حکومت مخالف تحریک شروع کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں جے یو آئی ف نے صوبائی تنظیموں سے مشاورتی عمل کا آغاز کردیا ہے، سندھ اور پنجاب کی تنظیموں سے مشاورت مکمل کر لی ہے ، کے پی اور بلوچستان کی صوبائی تنظیموں سے جلد مشاورت ہوگی۔ذرائع کے مطابق جے یو آئی رواں ماہ کے آخر میں مظاہروں کا پلان مرتب کر رہی ہے۔
پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن جماعتوں سے نالاں ہیں اور ان سے مشاورت کے قائل نہیں، فضل الرحمان سیاست کے ساتھ مذہبی ایشوز کو مہم کاحصہ بنائیں گے اور وہ اس سلسلے میں جید علما کرام کے ساتھ لاہور اور کراچی میں ملاقاتیں کرچکے ہیں۔مسلم لیگ ن کے وفد کی ملاقات میں مولانا نے خفگی کا اظہار کیا تھا ،فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے بھی فاصلہ اختیار کر لیا ہے اور تحفظات دور نہ کرنے تک جے یو آئی ف رابطے نہیں کرے گی۔