لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ فروری اور مارچ 2020 اونچ نیچ کے مہینے ہیں۔ لاہور کے صحافی سب جانتے ہیں مجھ سے ایسے سوال نہ کریں کہ میں پھنس جاؤں۔ پاپا کو ملنے کے لئے ان کی بیٹی ابھی لندن نہیں جا رہی۔ پاکستان نے اپوزیشن کرنا تمام میڈیا کا بنیادی حق ہے میں عمران خان کا اتحادی ہوں، پی ٹی آئی کا رکن نہیں ہوں۔
ریلوے ہیڈ کواٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف میری پارٹی کا آدمی ہے میں اسے جب کہوں گا وہ پاکستان آ جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نارمل ہے۔ آصف علی زرداری جس حد تک سیاسی معاملات کو آگے بڑھا سکتے ہیں بڑھا رہے ہیں۔ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کا مشکور ہو کہ انہوں نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بل کی حمایت کی جبکہ الیکشن کمیشن بھی باہمی رضا مندی سے مقرر ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کے خلاف سیریس کیسز منظر عام پر آنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو میں لال حویلی میں تاریخی خطاب کروں گا جبکہ اس سے قبل بھی کشمیر پر ہندوستان کی بد کرداری کے حوالے سے پاکستان کی پوری قوم تاریخی رد عمل کا اظہار کرے گی۔ حکومت نے ایران امریکہ چپقلش میں ذمہ دار کردار ادا کیا ہے۔ صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں 25 ہزار نوکریاں نکلنے لگی ہیں چونکہ ریلوے سے بڑی تعداد میں ملازمین ریٹائرڈ ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا پی سی ون اکتوبر میں جمع کروا دیا گیا۔ جسے مارچ میں منظور کرلیا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلوے اس سال 20 نئی فریڈ ٹرینیں چلائے گا۔ اور وہ خود گزشتہ 6 سال سے بند مغل پورہ ڈرائی پورٹ کا اتوار کے افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سب چینل کو ایک ہی نظر سے دیکھنا ہے رواں سال فریڈ کا سال ہے
جبکہ لاہور اور گوجرانوالہ کے درمیان چلائی جانے والی شٹل ٹرین تیار ہے وزیراعظم عمران خان یکم فروری کو اس شٹل ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2020فریٹ کا سال ہے۔ پہلے سات سے آٹھ فریٹ ٹرینیں چلتی تھیں اب ہم اس کو 12سے 15پر لے آئیں ہیں۔ اس سال ہمارا 20 فریٹ ٹرینیں چلانے کا ٹارگٹ ہے وہ انشاء اللہ پورا ہوگا۔ اس کے علاوہ فروری میں لاہور۔ گوجرانوالہ کے درمیان شٹل ٹرین چلائیں گے ہماری کوشش ہے کہ اس کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان عمران خان کریں کیونکہ وہ مزدوروں سے خطاب کرنے کے لیے کیرج فیکٹری آرہے ہیں۔
پاکستان ریلوے کی تاریخ میں ایم ایل ون سے انقلاب آنے والا ہے کیونکہ سی پیک کا مقصد ہی ریلوے ٹریک کی بحالی اور انقلاب ہے اور وہ جلد پورا ہونے جارہاہے مارچ تک اس کا ٹینڈر ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے میں بہت سارے افسران اور ملازمین ریٹائر ہونے جارہے ہیں اور اس سے 25ہزار نئی ملازمتیں پیداہورہی ہیں اور ایک لاکھ ملازمتیں سی پیک کے تحت نکلیں گی۔ ہم اپنی آمدن بڑھا رہے ہیں ہمارا پی ایس ڈی پی بہت کم ہے پچھلے سال ہم نے اپنے ٹارگٹ سے 8 ارب زیادہ کمایا تھا اس دفعہ بھی 10 ارب زیادہ کمائیں گے۔ ریلوے کا مزدور ہمیں اپنے سے زیادہ عزیز ہے۔ جس دن عدالت سے سٹے کا فیصلہ ہوجائے گااُسی دن ریلوے کے تمام ٹی ایل اے ملازمین کو کنفرم کردیاجائے گا۔