اسلام آباد(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آٹے کے بحران پر اظہار تشویش ومذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پندرہ روپے کی روٹی اور بیس روپے کے نان کے بعد آٹے کا بحران حکومتی کی بدترین نالائقی ہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب سولہ ماہ پہلے اگر ایک خودکشی ہو جاتی تو کروڑوں عوام خود کشی کرنے سے بچ جاتے ۔انہوں نے کہاکہ سولہ ماہ میں گیس 250 فیصد مہنگی، آٹا ختم ، تندور بند ، افسوسناک اور شرمناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب نئے پاکستان میں آٹا ختم ، تندور بند اور عوام لنگر سے روٹی کھائے ؟۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب مکان، دکان، کاروبار اور مزدوری تباہ کرنے کے بعد اب غریبوں کا آٹا بھی بند کر دیا ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب مہنگائی 14 فیصد ، ترقی آدھی اور اب آٹا بند ، اور آپ روز کون سے ملک کے غریبوں کو ریلیف دینے کی بات کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب عوام آپ کی مزید نالائقی اور نااہلی اور جھوٹوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔دریں اثناوزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو قیمتوں میں کمی کیلئے ٹاسک سونپ دیدیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافے کے معاملے پر دو رکنی کمیٹی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ کے پی محمود خان سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاق نے پاسکو کے کوٹے سے کے پی کو 1 لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،رواں سال 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔