لاہور(آن لائن)بین الاقوامی کرائم انڈیکس سروے میں دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کی 56 درجے ترقی، ورلڈ کرائم انڈیکس نمبیو (NUMBEO) کی حالیہ رینکنگ میں لاہور کا دنیا کے 374 شہروں میں 230 واں نمبر رہا۔ سروے میں کسی بھی شہر کی درجہ بندی بڑھنے کا مطلب اس شہر میں جرائم کی شرح میں کمی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔ 2019 کے آغاز میں لاہور سروے کے مطابق 174 ویں جبکہ گزشتہ سال کے وسط میں 202 ویں نمبر پر تھا۔ سروے کے مطابق محفوظ شہروں کی حالیہ درجہ بندی میں لاہور پیرس، نیو یارک، برلن، شکاگو، روم اور ڈربن سے بھی سبقت لے گیا۔رپورٹ کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس لاہور کی طرف سے مناسب وسائل اور فنڈز کی کمی کے باوجود نسبتاً بہتر کرائم فائٹنگ حکمت عملی اپنائی گئی۔ 2014 سے لاہور اور کراچی کی محفوظ شہروں کی درجہ بندی میں مسلسل بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ 2014 میں لاہور محفوظ شہروں کی درجہ بندی میں 74 ویں جبکہ کراچی چھٹے نمبر پر تھا۔شہر میں نسلی تعصب کی وجہ سے ہونیوالے جرائم میں بھی واضح کمی ہوئی۔ شہر میں رنگ و نسل، مذہب یا عقیدے کی وجہ سے شہریوں پر حملہ آور ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔