لاہور( این این آئی)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پی آئی سی حملہ کیس میں وزیر اعظم کے بھانجے حسان نیازی سمیت 10 وکلا ء کی عبوری ضمانت میں 22جنوری تک توسیع کردی ۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس پر سماعت کی۔وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے سمیت دیگر ملزمان عدالت کے رو برو پیش ہوئے۔عدالت میں حسان نیازی کی فوٹو گرا میڑک ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروا دی
گئی جبکہ عدالت نے دیگر ملزمان وکلا ء کو شامل تفتیش ہونے اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے کا حکم دیدیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمہ میں مکمل ریکارڈ اور رپورٹ بھی طلب کر لی ۔ملزمان کے وکلا ء نے عدالت کو بتایا کہ ہم شامل تفتیش ہو رہے ہیں ،ہماری طرف سے کوئی اعتراض نہیں۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد وکلا ء کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے کا حکم دیدیا جبکہ تمام ملزمان کی عبوری ضمانت میں 22 جنوری تک توسیع کردی گئی۔