اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی میں حکومتی ارکان سمیت اپوزیشن نے وزیربرائے توانائی عمر ایوب کو جھوٹا قراردیدیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران گیس کی بندش سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کے دوران وزیر توانائی عمر ایوب نے وضاحت پیش کی جس کے بعد حکومتی رکن اسمبلی سردار طالب حسین نکئی نے وزیر توانائی عمرایوب کو غلط دلائل اور اعدادوشمار پیش کرنے پر جھوٹا قراردیا،جس پرعمر ایوب نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ جس کے بعد سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے لفظ جھوٹا کاروائی
سے حذف کردیا، تاہم گیس ہی سے متعلق سندھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی عبدالقادر پٹیل، سید آغا رفیع اللہ، شگفتہ جمانی، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو اور خورشید احمد جونیجو نے نے بھی وزیر توانائی عمر ایوب کو سندھ سے گیس کی پیداوار اور سندھ کو گیس کی سپلائی سے متعلق غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر جھوٹا قراردیا۔ اور کہا کہ وزیر موصوف نہ صرف آئین کی غلط تشریح کرتے ہیں بلکہ جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں۔جس کے بعد ایوان میں دونوں جانب سے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔