پشاور(آن لائن)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سادہ لوح شہریوں کیساتھ شادی رچا کر پیسے لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں ایک عورت بھی شامل ہے جو سادہ لوح افراد سے شادی کا ڈرامہ رچا کر ان کو بھاری رقوم سے محروم کرتے تھے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کر لیا
جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعی امیر حیدر ولد غلام حسین سکنہ استر زئی کوہاٹ نے تھانہ تہکال پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ اس کی شادی نوسر باز خاتون سے ہوئی تھی جس نے جھوٹ موٹ کی شادی رچاکر اس سے 3لاکھ روپے بٹور کر بھاگ گئی،پولیس نے نوسر باز گروہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔ایس پی کینٹ تصور اقبال نے سادہ لوح شہریوں سے جھوٹ موٹ کی شادی رچانے والے گینگ میں ملوث ملزمان کو ڈی ایس پی ٹاون مختیار خان اور ایس ایچ او تہکال شہریار خان کی سر براہی میں گرفتار کرنے کاٹاسک حوالہ کیا۔ایس ایچ اوتہکال شہر یار نے اور دیگر تفتیشی ٹیم نے گزشتہ روز کامیاب کارروائی کے دوران شہریوں سے جھوٹ موٹ کی شادی میں ملوث ملزمان مولانا شمشاد ولد محمد جمیل ساکن استرزئی کوہاٹ اور خاتون مسماۃ (ا)زوجہ شمریز ساکن لالاموسی گجرات کو گرفتار کرلیا،گرفتار ملزمان جھوٹ موٹ کی شادی کا ڈرامہ رچا کر سادہ لوح شہریوں کو بھاری رقوم سے محروم کرتے تھے، جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کر لیا جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔