کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں بچوں کی گرم کپڑوں کی خواہش پوری نہ کر سکنے پر باپ نے خود کشی کر لی، غریب باپ نے خود کشی کرنے سے پہلے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا اس خط میں اپنی غربت کا ذکر کرتے ہوئے گھر اور روزگار کا مطالبہ کیا۔
کراچی کورنگی ابراہیم حیدری سے تعلق رکھنے والا میر حسن نے غربت کی وجہ سے اپنے بچوں کی فرمائش کے سامنے ہار مان لی اور خود کشی کا فیصلہ کیا۔ قریبی قبرستان میں میر حسن نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی، لوگوں نے زخمی حالت میں میر حسن کو ہسپتال پہنچایا لیکن وہ شدید جھلس چکا تھا اسے سول ہسپتال میں داخل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور اس دنیا کے مسائل سے سدا کے لئے چھٹکارا پا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہناہے کہ جب اسے ہسپتال لایاگیا تو اس وقت تک وہ 60 فیصد جھلس چکا تھا، پاکستان میں سردی کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں خاص کر شہر قائد میں بھی سردی اپنے عروج پر ہے، ایسے میں بچوں نے گرم کپڑوں کی فرمائش کی اور شاید اس سرد موسم میں یہ ان کا حق بھی بنتا تھا لیکن والد ان کی فرمائش تو پوری نہ کر سکا لیکن دل میں ارمان لئے خود اس دنیا سے رخصت ہو گیا، اس حوالے سے اس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ تین ماہ سے بے روزگار تھا اور انہی حالات نے اسے ایسا قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔