کراچی (این این آئی)دہشتگردوں کی مالی معاونت میں سابق ٹاؤن ناظم اور ایم کیو ایم لندن کے رہنما واسیع جلیل کا نام سامنے آگیا۔ ملزم رئیس مما نے تفتیش میں پول کھول دی۔ ملزم رئیس مما نے انکشاف کیا کہ تنظیم کے لیئے فنڈ جمع کرکے واسع جلیل کو دیتا تھا۔ انسداد دہشتگردی کی
عدالت آئندہ سماعت پر ملزم پر فرد جرم عائد کریگی۔ کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 16 کے روبرو دہشتگردوں کی مالی معاونت کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ مقدمے کے چالان کے مطابق ملزم رئیس مما نے انٹروگیشن میں اہم انکشاف کیا۔ چالان میں بتایا گیا کہ ملزم رئیس مما نے انٹروگیشن کے دوران بتایا کہ وہ ڈی ایم سی ایسٹ میں کلرک تھا اور ایم کیو ایم سیکٹر انچارج کورنگی کے عہدے کام کرتا تھا۔ تنظیم کے لیئے فنڈز اکٹھا کرکے واسع جلیل کو دیتا تھا۔ مختلف وقتوں میں کچھ رقم فنڈنگ کی بصورت 2 عدد چیک واسع جلیل نے مجھے دیئے۔ چیک میں نے اپنے سیلری اکاؤنٹ میں جمع کرائے۔ ضرورت پڑنے پر رقم نکال کر تنظیمی ساتھیوں میں تقسیم کی تھی۔ چالان کے مطابق ملزم رئیس مما نے اپنے سیلری اکاؤنٹ سے 2.5 ملین کی ٹرانزیکشن کی۔ ملزم رئیس مما دہشتگردی، قتل اقدام قتل و دیگر وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملزم رئیس مما دہشتگردی کے لیئے فنڈ اکٹھا کرتا تھا۔ فنڈ کی رقم دہشتگردی کی وارداتوں میں استعمال کرتا تھا۔ عدالت ایم کیو ایم رہنما واسیع جلیل کو مقدمے میں مفرور قرار دے چکی ہے۔ آئندہ سماعت پر ملزم رئیس مما پر فرد جرم عائد کی جائیگی۔ عدالت نے سماعت 9 جنوری تک ملتوی کردی۔