کراچی(این این آئی)پاکستان ریلویز کی 2019میں مجموعی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، زیادہ تر ٹرینیں خسارے کا شکار رہیں جبکہ ٹرینوں کے اوقات کار میں بھی بہتری نہ لائی جا سکی۔ پاکستان ریلویز 2019میں بھی دعوؤں کے سہارے چلتا رہا مگر ٹرینوں کا پہیہ سست روی کا شکار رہا۔ پاکستان ریلوے نے 2019میں 4بلین تک رینونیو تو بڑھا لیا لیکن ساتھ ہی کرایوں میں اضافے سے مسافروں پر اضافی بوجھ
بھی ڈال دیا،2019میں 7سے 8فیصد تک مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا، آمدن میں اضافے کے لیے فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں بھی 20فیصد تک اضافہ کیا گیا۔ ریلوے انتظامیہ ٹرینوں کے اوقات کار بہتر نہ بنا سکی سال کے دوران ٹرینوں کا گھنٹوں تاخیر سے منزل پر پہنچنا معمول بنا رہا۔ریلوے انتظامیہ موسم گرما میں تاخیر کی وجہ ٹریک کی خستہ حالی اور سردیوں میں دھند کو قرار دیتی رہی۔