اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کائرہ صاحب! پرویز مشرف سے این آر او لینے اور حلف اٹھانے والوں کے منہ سے ”چلتا کرنے“کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نہیں آپکی جماعت مختلف فیزز میں تباہ ہو رہی ہے اوراس تباہی کا ملبہ آپکی قیادت کے سر ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب پر گرجنے
برسنے والوں کانیب آرڈیننس پڑھے بغیر سیاست کرنا شرمناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ کو تکلیف یہ ہے کہ عمران خان نے کرپشن کے گٹھ جوڑ پر کاری ضرب کیوں لگائی؟۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ خود کو عقلِ کْل سمجھنے والے کرپشن کا دفاع کر رہے ہیں۔اقتدار کی دوری نے آپ کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آپ کے جمہوری آئینی پارلیمانی روایات کی پاسداری کے جھوٹے دعوے بے نقاب ہو چکے ہیں۔