لاہور(این این آئی)وزیر اعلیٰ کی معائنہ ٹیم نے کاشانہ ویلفیئر سکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھجوادی جس میں سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ کو کلین چٹ دیدی گئی ہے۔جبکہ کاشانہ کی سابقہ سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ
وزیر اعلیٰ کی معائنہ ٹیم پہلے ہی اپنی رپورٹ دے چکی ہے جس میں اجمل چیمہ کو بے گناہ قرار دیدیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی کی معائنہ ٹیم نے کاشانہ لاہور سکینڈل کے حوالے سے سابقہ سپرنٹنڈنٹ کے الزامات کو غلط قراردیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بچی سے زیادتی یا بچیوں کو کہیں بھیجوانے کے ثبوت نہیں ملے۔چیئرمین وزیراعلی معائنہ ٹیم ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران بچیوں سے زیادتی یا کہیں بھجوانے کے ثبوت نہیں ملے۔ تحقیقات سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزار کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب اپنے ویڈیو بیان میں سابقہ سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے کہا کہ جو رپورٹ سامنے آئی ہے وہ میرے لئے نئی نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کا آسیب گزشتہ چار ماہ سے کاشانہ کے درو دیوار سے چمٹا ہوا ہے۔چار ماہ میں وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کاجو گھناؤنا کردارسب کے سامنے آیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ اس طرح کی رپورٹ سے معاملے کو دبایا نہیں جا سکے گا۔ اب وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کے مقابلے پر ایک کمزور خاتون اور یتیم و ناداربچیاں نہیں ہیں بلکہ پورا معاشرہ ہے اور حکومت کو ثابت کرنا پڑے گا کس بنیاد پر اجمل چیمہ کو بچایا جارہا ہے اور کاشانہ کی تحقیقات کو دبایا جارہا ہے۔