اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی سمیع ابراہیم نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے بیرون ملک ملازمت کے دروازے کھل گئے۔ پاکستان اور جاپان کی حکومت کے درمیان 12 شعبوں میں معاہدہ طے پا گیا۔
اس معاہدے کے تحت پاکستان کی سکلڈ لیبر جاپان جائے گی۔ ان 12 شعبوں میں میڈیکل، نرسنگ، انجینئرنگ، انفارمیشن اور سب سے زیادہ آئی ٹی کے شعبے میں ملازمتیں شامل ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز اور پرائیویٹ کمپنیوں کے ذریعے اس سلسلے میں اشتہارات دیے جائیں گے۔ جاپان اس سے قبل پاکستان کی لینگوئج یونیورسٹیز سے مل کر تین سے چھ ماہ کا جاپانی لینگوئج کا ای کورس شروع کرنے لگا ہے۔ پاکستانیوں کو جاپانی لینگوئج کا ٹیسٹ پاس کرنا ضروری ہو گا تاکہ وہاں پر پاکستانیوں کو جاپانی زبان سمجھنے میں کوئی دشواری نہ ہو۔ اس سے قبل رومانیہ اور یو کے کے ساتھ بھی حکومت نے سکلڈ لیبر کا معاہدہ کر لیا ہے۔ پاکستانی گورنمنٹ اب جرمنی کے ساتھ بھی معاہدہ کرنے جا رہی ہے تاکہ پاکستان کی سکلڈ لیبر بیرون ملک ملازمت کے لیے جا سکے۔ یورپ نے سرکاری سطح پر پاکستانیوں کو ملازمتیں دینا بند کی ہوئی تھیں پرائیویٹ سطح پر کچھ کام ہو رہا تھا۔ سرکاری سطح پر کبھی بھی کوئی اس طرح کی کوشش نہیں ہوئی لیکن اب حکومت پاکستان نے کوشش کی ہے کہ یورپ میں بھی پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے دروازے کھل جائیں۔