اسلام آباد(آن لائن )تھانہ بھارہ کہو کے علاقہ سے اغوا ہونے والے 4سالہ بچے کی ڈیڈ باڈی برآمد ہوگئی ۔چار سالہ عمر کو چار روز پہلے اس کے گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا،اغوا کے متعلق مقدمہ تھانہ بھارہ کہو میں درج کیا گیا تھا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے
بچے کی بازیابی کے لئے ایس پی سٹی کی زیرنگرانی پانچ ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔پولیس ٹیموں نے اغوا میں ملوث دو ملزمان حمزہ اور آفتاب کو گرفتار کیا تھا۔ملزمان نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ انہوں نے بچے کو ایک گھر میں رکھا ہوا تھا۔پولیس ٹیمیں اس گھر میں گئیں تو بچے کی ڈیڈ باڈی برآمد ہوئی۔بچے کو اس کے والد کے سگے کزن حمزہ نے اپنے دوستوں کے ہمراہ تاوان کی خاطر اغوا کیا تھا۔مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔تاوان کے متعلق پولیس کو کسی قسم کی اطلاع نہیں تھی۔پولیس کے سینیر افسران موقع پر پہنچ گئے ۔قانونی کارروائی کے بعد بچے کی ڈیڈ باڈی کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ در یں اثناء ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے اغوا میں ملوث چاروں ملزمان گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ملزمان میں بچے کا کزن حمزہ اور دوست آفتاب، یاسر اور اسد شامل ہیں۔بچے کو ملزمان نے کرائے کے ایک گھر میں رکھا ہوا تھا۔ملزمان نے بچے کو ٹیپوں سے جکڑکررکھا ہوا تھا جس اس کی موت واقع ہوگئی۔ملزمان نے تاوان کے لئے ابھی کوئی کال نہیں کی تھی۔پولیس نے ٹیکنیکل طریقے سے ملزمان کوٹریس کرکے گرفتار کیا ۔