اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے رانا ثناء اللہ کی ضمانت منظور ہونے پر اظہار تشکر ککرتے ہوئے کہاہے کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ آج ایک اور بے گناہ کو انصاف ملا۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ رانا ثناء اللہ کی ضمانت ثبوت ہے کہ ان پر جھوٹا مقدمہ بنایاگیا ،رانا ثناء اللہ کی جرات، استقامت اور قربانیاں قابل فخر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی انتقام پر مبنی جھوٹے مقدمات قومی وسائل اور عدلیہ کا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ انہوںنے کہاکہ افسوس ہے کہ
نااہل اور نالائق سیاسی انتقام کے لئے اداروں کو استعمال کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ایک بے گناہ شخص پر منشیات جیسا گھناونا الزام لگاکر میڈیا ٹرائل کیاگیا، اس کا کیا ازالہ ہوگا؟۔انہوںنے کہاکہ عدلیہ اور اداروں کی آزادی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے ۔انہوںنے کہاکہ دعا ہے کہ شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد، سلمان، فواد اور احد چیمہ ، یوسف عباس اور حمزہ شہباز کو بھی انصاف ملے۔انہوںنے کہاکہ کسی بھی بے گناہ کو جیل میں رکھنا گناہ ہے، ہر بے گناہ کی قید سے رہائی دلی تمنا ہے۔