اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق عدالتی فیصلے پر اپیل اور آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دونوں آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومتی ماہرینِ قانون عدالتی فیصلے پر اپیل سے متعلق مشاورت کررہے ہیں اور اس سلسلے میں وزیر قانون فروغ نسیم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سِنیئر رہنما اور معروف قانون دان بابر اعوان کو ذمہ داری
سونپی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت دفاع اور متعلقہ ادارے سے بھی حتمی فیصلے سے قبل مشاورت کی جائے گی تاہم حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کے مطابق آرمی ایکٹ میں ترمیم کرنا ہوگی آئین میں نہیں اور اس کے لیے موجود ارکان کی اکثریت درکار ہوگی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مسودے پر حزب اختلاف کی جماعتوں سے بھی اتفاق رائے پیدا کر نے کی کوشش کی جائے گی۔