اسلام آباد(این این آئی) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کیلئے جمع کرائے گئے 5 ارب ڈالرز کے ڈیپازٹس میں توسیع کردی۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک میں جمع کروائے گئے پانچ ارب ڈالرز کی مدت میں ایک سال کی توسیع کردی، اس کے نتیجے میں پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کردی اور اب رواں ہفتے آئی ایم ایف سے قرضے کی دوسری قسط بھی ملنے کی توقع ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کی سیاسی و فوجی قیادت کے حالیہ دوروں میں ہوئی۔ وزیراعظم نے حال ہی میں
سعودی عرب اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یو اے ای کا دورہ کیا ہے۔پاکستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے پانچ ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کونرم قرضے میں بدلنے کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان ممالک سے قرضے پر شرح سود بھی کم سے کم رکھنے کا کہا جائے گا۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کوسہولت دینے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے معاشی بحران سے نکلنے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ پاکستان اور سعودی عرب ڈیپازٹس کو نرم قرضے میں بدلنے کا معاہدہ جلد کریں گے۔