اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم عمران خان شاہ بحرین حماد بن عیسی الخلیفہ کی خصوصی دعوت پر بحرین کے قومی دن کے موقع پر خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کرینگے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق
وزیر اعظم عمران خان بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں بطورخصوصی مہمان شرکت کے لیے کل منامہ پہنچیں گے۔بیان کے مطابق کابینہ کے ممبران اور سینئر سرکاری عہدیداروں سمیت ایک وفد وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگا۔ دورہ بحرین کے دوران وزیر اعظم عمران بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ خلیفہ کے ساتھ ون آن ون ملاقات کریں گے۔علاوہ ازیں عمران خان کی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد آل خلیفہ کے ساتھ بھی ملاقات متوقع ہے۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو بحرین کا اعلی سول ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔اس سے قبل وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے دوطرفہ امور اور علاقائی پیشرفت کے بارے میں مشاورت کی۔عمران نے پاک سعودی تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا اور ریاض کو امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔مشرق وسطی کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان نے زور دیا کہ تنازعات اور اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقتوں میں پاکستان سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔