لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت عبد الرزاق داؤد ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو تحفے کے طور پر بھجوائی گئی ”پروٹون ایکس70“گاڑی کا تحفہ وصول کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق اس سلسلہ میں ملائشیا کے قونصل خانے میں پیر کے روز تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عبدالرزاق داؤد وزیر اعظم کی جانب سے گاڑی کا تحفہ وصول کریں گے۔ یاد رہے کہ مہاتیرمحمد نے دورہ پاکستان
میں وزیراعظم عمران خان کو پروٹون گاڑی تحفے میں دینے اور پاکستان میں پروڈکشن پلانٹ لگانے کا اعلان کیا تھا۔یاد رہے رواں سال مارچ میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے جہاں ان کا نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے شانداراستقبال کیا اور مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔پروٹون ایکس 70 گاڑی کی قیمت 37 لاکھ سے 48 لاکھ کے درمیان بتائی جاتی ہے۔