اسلام آباد(آن لائن)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں طلبا تصادم کے باعث انتظامیہ نے جامعہ کے ہاسٹلز میں کومبنگ آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جامعہ کے اولڈ اور نیو کیمپس کے ہاسٹلز میں مقیم تمام پاکستانی لڑکوں کو ہاسٹلز خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یاد رہے اسلامک یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ اور سرائیکی اسٹوڈنٹس کونسل کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں ایک طالبعلم طفیل الرحمان نے اپنی جان کی بازی ہاری
اور 29 زخمی ہوئے تھے۔اسلامی جمعیت طلبا کا دعویٰ ہے کہ مخالف تنظیم نے ان کے پرامن پروگرام پر حملہ کیا جبکہ سرائیکی اسٹوڈنٹس کونسل اسلامک یونیورسٹی کے عہدیداران نے الزام عائد کیا ہے کہ ان پر پہلے جمعیت کے کارکنوں نے حملہ کیا۔ان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں سرائیکی کونسل کے چیئرمین علی نقی کا سر پھٹ گیا، جب اس کے خلاف طلبا احتجاج کرنے گئے تو جمعیت نے دوبارہ حملہ کر دیا اور دونوں گروہوں میں لڑائی شروع ہو گئی۔