جیکب آباد(این این آئی) صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد میں لیڈی ڈاکٹر نے ڈلیوری آپریشن کے بعد مریض کے پیٹ میں کپڑا چھوڑ دیاجس کے باعث خاتون جاں بحق ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ایک نجی کلینک میں ڈلیوری آپریشن کے دوران کپڑا پیٹ میں رہ جانے سے مریضہ جاں بحق ہو گئی،
ڈاکٹر فرحین پٹھان نے 3 ماہ قبل ڈلیوری آپریشن کیا تھا، ان کی سنگین غفلت کے باعث خاتون جاں بحق ہو گئی۔خاتون کے لواحقین نے میت نجی کلینک کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا، 4 گھنٹے دھرنے کے بعد ڈاکٹر فرحین پٹھان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا، پولیس کے مطابق مقدمہ جاں بحق خاتون نسرین مستوئی کے دیور کی مدعیت میں درج کیا گیا،مظاہرین نے لیڈی ڈاکٹر کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔متوفیہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ تین ماہ قبل زچگی کے آپریشن کے دوران لیڈی ڈاکٹر فرحین کی مبینہ غفلت سے کپڑا پیٹ میں رہ گیا تھا، جس کے باعث متوفیہ اکثر تکلیف میں رہتی تھی، طبیعت زیادہ بگڑنے کے سبب اْس نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔جاں بحق خاتون کے شوہر نصیب اللہ نے بتایا کہ آپریشن کے ایک ماہ بعد طبیعت بگڑنے پر دوسرے ڈاکٹر نے کپڑا پیٹ میں رہ جانے کا انکشاف کیا تھا، اس کے بعد دوسرا آپریشن کروا کر کپڑا نکلوایا گیا مگر 2 ماہ بعد تک بھی طبیعت نہ سنبھل سکی۔دریں اثنا، نجی کلینک کے سامنے مظاہرین کے دھرنے کے باعث ڈاکٹر سمیت عملہ فرار ہو گیا، مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچی۔