لاہور( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ بنی گالہ کی مداخلت نے پنجاب میں بدترین انتظامی بحران پیدا کر دیا ہے،وفاقی حکومت نے مالی وسائل کے ساتھ پنجاب کے انتظامی اختیارات بھی چھین لئے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ وزیراعلی اور پنجاب کابینہ کے پاس کسی فیصلے کا اختیار تک نہیں ،آج پنجاب میں عملی طور پر کوئی حکومت نہیں ہے ، پنجاب کا ہر فیصلہ عمران خان یا ان کے چند پیارے بنی گالہ میں بیٹھ کر کرتے ہیں
خان صاحب اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے چند ماہ بعد پنجاب میں اکھاڑ پچھاڑ شروع کر دیتے ہیں، ڈیڑھ سال کے عرصے میں پنجاب میں کئی آئی جیزاور چیف سیکرٹریز بدلے گئے۔ ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ اب چیف سیکرٹری سے تحصیلدار تک پوری انتظامیہ بدلی گئی، اتنے بڑے پیمانے پر انتظامی اکھاڑ پچھاڑ کے باوجود بحران بڑھ رہا ہے، پنجاب کے بحران کی اصل وجہ صوبے کو ملے 18 ویں ترمیم کے اختیارات غصب کرنا ہے،تحریک انصاف حکومت یہی کچھ خیبرپختونخواہ کے ساتھ بھی کر رہی ہے۔