اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر فواد چودھری نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے معاملے کا اثر پوری فوج پر پڑ رہا ہے، جنرل باجوہ کی توسیع پر سیاسی اتفاق رائے موجود ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ عدلیہ نیشنل سیکیورٹی کے معاملات دیکھے گی تو سسٹم کا بیلنس خراب ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اگر عدلیہ نیشنل سیکورٹی کو دیکھے گی تو یہ ایک بہت بڑی شفٹ ہوگی۔فواد چودھری نے کہا کہ آرٹیکل 243 میں واضح ہے
کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کا اختیار اور ان کی صوابدید ہے، امریکہ اور روس میں بھی نیشنل سیکیورٹی کا فیصلہ ایگزیکٹو کرتی ہے۔ وزیراعظم نے فیصلہ کیا جس کی کابینہ نے توثیق کی، تمام اداروں کو ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی معاملات کا حل عدالتوں کا کام نہیں ہے۔ اپوزیشن میں بھی اس معاملے پر دو رائے نہیں ہے۔ جنرل باجوہ کی توسیع پر سیاسی اتفاق رائے موجود ہے۔ سابق آرمی چیف کیانی کی مدت ملازمت میں بھی توسیع اسی قانون کے تحت ہوئی۔