اسلام آباد(این این آئی)مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے گندم کی امدادی قیمت میں 50 روپے فی من اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ ای سی سی کی منظوری کے بعد گندم کی امدادی قیمت1300روپے سے بڑھ کر 1350 روپے فی من مقررکردی گئی ہے۔ای سی سی نے دو لاکھ ٹن گندم یوٹیلٹی اسٹورز کو فراہم کرنے کی منظوری بھی
دے دی ہے۔ پاسکو یوٹیلٹی اسٹورز کو گندم فراہم کرے گا۔ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کو فراہم کی جانے والی گندم کی مالیت ایک ارب 30 کروڑ روپے ہوگی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کہاکہ امدادی قیمت میں اضافے سے کسانوں کی مشکلات دور ہونگی۔ وزارت خزانہ کی طرف سے کہا گیاہے کہ گندم کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ عالمی منڈی میں گندم کی قیمت کے تناظر میں کیا گیا ہے۔