اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز گام ایکسپریس میں آگ اکانومی کلاس کی کوچ نمبر 4 میں موجود گیس کے چولہے کے باعث لگی۔ ٹرین میں آگ صبح 6 بج کر 18 منٹ پر لگی۔ تقریباً تین منٹ تک ٹرین آگ لگنے کے باوجود چلتی رہی۔ تاہم ایک مسافر کی جانب سے زنجیر کھینچے جانے کے بعد 6 بج کر 21منٹ پر ٹرین
رک گئی تھی۔ سی ای او ریلوے نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے سکیورٹی میں کوتاہی ہوئی ہے، ہم ا س کوتاہی کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔اس واقعے کے ذمہ دار ریلوے اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ آئندہ سے گروپ کی صورت میں بھی بکنگ کروانے پر ہر مسافر کا شناختی کارڈ وصول کرنا لازمی ہو گا۔واضح رہے کہ اس اندوہناک واقعے میں 74مسافر جاں بحق ہو گئے تھے ۔