لاہور(این این آئی) بابا گور و نانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کے موقع بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری گورودوارہ دربار صاحب کرتار پور ناروال پہنچ گئے ،کرتار پور راہداری اور گورو دوارہ صاحب میں ہونے والے ترقیاتی کام دیکھ کر سکھ یاتریوں کے پاکستان زندہ باد اور عمران خان زندہ باد کے نعرے ،یاتریوں نے کرتار پور صاحب کو دنیا کا سب سے بڑا او ر خوبصورت ترین گورو دوارہ قرار دے دیا ۔
سکھ یاتریوں کو سخت سیکورٹی میں ننکانہ صاحب سے کرتارپور نارووال لے جایا گیا ۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز طارق وزیر ، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل ،ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ عامر حسین ہاشمی و دیگر افسران انکے ہمراہ تھے ۔یاتریوں نے گورو دارہ صاحب میںحاضری دی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہوئے ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور وزیراعظم عمران خان کی کامیابی و طول عمر کے لیے خصوصی دعائیں کیں ، سکھوں کے مذہبی رہنما بابا پر نندر پال سنگھ گیانی نے کہا کہ ہمیں یہاںکی ترقی و خوبصورتی دیکھ کر ہمیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آتا،ہم نے تو ایسا کھبی سوچا بھی نہ تھا ، ہم پاکستان کا یہ احسان کھبی نہیں بھلا سکتے ،دنیا میں بسنے والے ہر سکھ کے دل میں گورو دھرتی کی محبت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور ہر کوئی کرتار پور یاترا کے لیے بے چین ہے ۔شرومنی گورو دواہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار گورو میت سنگھ بوس نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے کسی جنت سے کم نہیں کرتار پور صاحب کے درشن کر کے آنکھوں کو سکون محسوس ہوا ،اتنی قلیل مدت میں ہونے والے شاندار تعمیر دنیا میں کسی عجوبے سے کم نہ ہے ۔