اسلام آباد(آن لائن)وزارت تعلیم نے پری انجینئرنگ کے طلبہ کو بائیولوجی کا پرچہ اضافی مضمون کے طور پر دینے کے بعد پری میڈیکل میں گروپ میں جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزارت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر طلبہ کی جانب سے کی جانے والی شکایات کے بعد مذکورہ فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ شکایات موصول ہونے کے بعد مذکورہ معاملہ متعلقہ ڈائریکٹوریٹس اور قومی نصاب کونسل(این سی سی) کے سامنے اٹھایا گیا تھا۔این سی سی کی منظوری کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ایف ایس سی پاس کرنے والے پری انجینئرنگ کے طلبہ اگر بائیولوجی کا اضافی مضمون پاس کرلیں تو پری میڈیکل میں جاسکتے ہیں۔اسٹیک ہولڈرز کے درمیان نوٹی فکیشن گزشتہ روز تقسیم کیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ ‘ ہائر ایجوکیشن اسکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس ایس سی) میں نیشنل اسکیم آف اسٹڈیز کو ایچ ایس ایس سی کوالیفائی کرنے کے لیے ضروری مضامین رکھنے والے پیکج کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے’۔اس وقت پری میڈیکل گروپ کے طلبہ کو پری انجینئرنگ گروپ میں جانے کے لیے ریاضی کے مضمون کا اضافی پرچہ دینے کی اجازت حاصل ہے لیکن پری انجینئرنگ گروپ کے طلبہ پری میڈیکل گروپ میں جانے کے لیے بائیولوجی کے اضافی مضمون کا پرچہ دینے کی اجازت نہیں’۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ‘ طلبہ کو انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی) سے پری میڈیکل ایکولینس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے لیے اے لیول بائیولوجی کا امتحان دینے کا کہا جاتا ہے’۔اس میں مزید کہا گیا کہ ‘ انجینئرنگ گروپ پاس کرنے والے طلبہ کی آسانی اور اس فرق کو ختم کرنے کے لیے قومی نصاب کونسل نے تعلیم سے متعلق موجودہ رولز/پالیسی / اسکیم کا جائزہ لیا اور پری انجینرنگ گروپ کے طلبہ کو پری میڈیکل گروپ میں جانے کے لیے بائیولوجی کا اضافی امتحان دینے کی اجازت دی’۔فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) کے چیرمین ڈاکٹر اکرام علی نے وزارت تعلیم کی جانب سے نوٹی فکیشن کے اجرا کی تصدیق کی۔