اسلام آباد(آن لائن)جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وقت آ گیا کہ تمام عوامی جماعتیں اختلافات اور چھوٹے چھوٹے مفادات کو عوامی مشکلات پر ترجیح نہ دیں۔مولانا فضل الرحمان کے زیر صدارت اپوزیشن کی 9 جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے استفسار کیا کہ دھاندلی زدہ حکمرانوں سی نجات چاہتے ہیں یا ان کے اقتدار کو طول دینا؟ جو جماعت غاصب حکمرانوں کے سامنے تذبذب کا شکار ہوئی، تاریخ اسے
معاف نہیں کرے گی۔مولانا فضل الرحمان نے سوال اٹھایا کہ کیا حکمرانوں کے خلاف احتجاج صرف جے یو آئی (ف)کا فیصلہ تھا؟ آپ سب کو دعوت دیتا ہوں کہ مل کر عوامی حکمرانی کے لئے ٹھوس اور جامع حکمت عملی بنائیں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ خدارا پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں، آپ خلوص دل سے حکمت عملی بنائیں، جے یو آئی (ف)آپ کا ہراول دستہ ہوگی۔ خواہش ہے کہ تمام جمہوری قوتیں مل کر کردار ادا کریں۔