اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہاہے کہ آزادی مارچ پر امن رہا ، لوگوں کی کوشش تھی حالات خراب ہوں ، مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے جائینگے ،حکومت نے عوام کے تحفظ کے لیے مکمل تیاری کر رکھی ہے ، ہم کسی بھی معاملے پر پہل نہیں کریں گے۔ ایک انٹرویو میں وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا کہ آزادی مارچ کراچی سے اسلام آباد تک پر امن رہا اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ لوگوں کی کوشش تھی کہ حالات خراب ہوں۔انہوں نے کہا کہ مولانا
فضل الرحمان کے مطالبات پر حکومت کمیٹی بنا چکی ہے اور اس پر مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کے تمام مطالبات کے ساتھ تو مسلم لیگ ن بھی نہیں ہے انہیں اپنے مطالبات میں نرمی لانا پڑے گی۔ندیم افضل چن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دھرنا نہ دینے کا اعلان کر رکھا ہے ، حکومت نے عوام کے تحفظ کے لیے مکمل تیاری کر رکھی ہے لیکن ہم کسی بھی معاملے پر پہل نہیں کریں گے۔ٹرین حادثے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیز گام حادثے پر شفاف تحقیقات ہوں گی اور نااہلی کا تعین کیا جائیگا۔