اسلام آباد(آن لائن) 27اکتوبر کو کراچی سے روانہ ہونے والے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے آزادی مارچ کو پنجاب میں داخل ہونے کی آزادی مل گئی۔تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب کی سرحد پر رکھے کنٹینرز ہٹا لیے گئے جبکہ مارچ کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے کھڑی ٹریکٹر ٹرالیاں بھی قومی شاہراہ سے غائب ہیں۔ذرائع کے مطابق آزادی مارچ کو پنجاب آمد پر کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آزادی مارچ کی شام کے وقت پنجاب آمد متوقع ہے۔گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں شہر قائد سے شروع ہونے والا آزادی مارچ اپنی اگلی منزل ملتان کی جانب بڑھ رہا ہے۔جے یو آئی ف کی انتظامیہ نے سکھر سے اسلام آباد کے لیے مولانا فضل الرحمان کے لیے بم پروف کنٹینر بھی تیار کرلیا ہے۔مارچ پنوعاقل، گھوٹکی، ڈھرکی، اوباڑو سمیت دیگر اضلاع سے ہوتا ہوا صوفیوں کے شہر میں داخل ہو گا۔