کراچی(آن لائن)سمندر طوفان کیار کے باعث شہر میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ طوفان سے ساحلی پٹی کے علاقے زیر آب آگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سائیکلون کیار کے باعث تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور شمال مشرق سے 18 سے 27 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت
35 سے37 سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے اور شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 33فیصد ہے۔دوسری جانب سمندری طوفان کیار کے باعث رات گئے سمندر کی سطح بلند ہوگئی اور ساحلی پٹی پر واقع علاقے زیر آب آگئے۔طوفان کے باعث ابراہیم حیدری کے علاقے ریڑھی گوٹھ، لٹھ بستی اور چشتہ گوٹھ کے گھروں میں سمندری پانی داخل ہوگیا۔محکمہ موسمایت نے طوفان کے سبب مچھیروں کو گہرے سمندرمیں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر پیپلز پارٹی کے ایم این اے آغا رفیع اللہ نے بتایا کہ طوفان سے متاثرہ افراد کیلئے عارضی کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ ایدھی حکام کا کہنا ہے ابراہیم حیدری کے اطراف میں اب سیلابی صورتحال نہیں۔ بحیرہ عرب میں آنیوالا طوفان کراچی کے ساحل سے 860 کلو میٹر دور ہے تاہم اس کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے بحیرہ عرب میں اب تک اٹھنے والوں طوفانوں میں یہ سب سے طاقتور طوفان ہے، طوفان کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ اور مکران کے کئی اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔